دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیکنالوجی کے بے تاج بادشاہ ایلون مسک ہمیشہ خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنا نام تبدیل کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔
ایلون مسک نے اپنا نیا نام “Kekius Maximus” رکھا جس نے نہ صرف قیاس آرائیوں کو جنم دیا بلکہ کرپٹوکرنسی کی مارکیٹ میں بھی ہلچل مچا دی۔”Kekius” ممکنہ طور پر لفظ “kek” سے اخذ کیا گیا ہے جو آن لائن گیمنگ کلچر میں “زور سے ہنسنے” کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ لفظ اب انتہا پسند دائیں بازو کے نظریات کے ساتھ بھی منسلک ہے۔ مزید برآں “Kek” قدیم مصری دیوتا کا نام بھی ہے، جو اندھیرے کا دیوتا سمجھا جاتا ہے اور اکثر مینڈک کے سر کے ساتھ دکھایا جاتا ہے۔
مسک نے نہ صرف اپنا نام بدلا بلکہ اپنی پروفائل پکچر بھی تبدیل کر کے مشہور کامک کردار “Pepe the Frog” کی تصویر لگا دی۔ یہ کردار دائیں بازو کے گروہوں میں کافی مقبول رہا ہے اور انٹرنیٹ میمز کا ایک اہم حصہ بھی ہے۔ ایلون مسک کی اس غیر متوقع حرکت نے کرپٹو مارکیٹ میں حیرانی پھیلا دی۔ ان کے نئے نام کے ساتھ منسلک ایک میم کوائن کی قدر راتوں رات بڑھ گئی۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسک کے ایکس پر کیے گئے اقدامات نے کرپٹو کرنسی کی قیمتوں پر اثر ڈالا ہو۔
چند دنوں کے بعد مسک نے اپنا نام اور تصویر واپس تبدیل کر کے اپنی اصل شناخت بحال کر دی۔ تاہم اس دوران ہونے والے مالی اور مارکیٹ کے اثرات نے ایک بار پھر ان کے غیر متوقع فیصلوں کو ظاہر کر دیا۔ایلون مسک کی یہ حرکت محض تفریح تھی یا کسی گہری حکمت عملی کا حصہ، اس بارے میں وہ خاموش ہیں۔ لیکن ایک بات طے ہے کہ ان کے اقدامات ہمیشہ دنیا کی توجہ کھینچنے میں کامیاب رہتے ہیں۔