اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں چھائی دھند کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کا فضائی آپریشن متاثر ہو گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق دھند کی شدت سے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔ مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ پرواز کی بکنگ کے وقت ائیرلائن سے رابطے کے لئے درست اور فعال نمبر درج کروائیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے اپنے فضائی آپریشن کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ دھند کے باعث پروازوں میں تاخیر کی صورت میں مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ طیارے اور زمینی عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پرواز کی روانگی میں مزید تاخیر نہ ہو۔ مسافر اپنی پرواز سے متعلق معلومات پی آئی اے کے کال سینٹر یا ویب سائٹ سے بروقت حاصل کر سکتے ہیں۔