بحرین میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار شخص حساس معلومات اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کو فراہم کرنے میں ملوث تھا۔ اس واقعے کے بعد بحرین کی سیکیورٹی صورتحال اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے بھارتی شہری کی شناخت نیتن موہن کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے ٹیلی کمیونیکیشن انجینیئر بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ملک کے مختلف اہم اور اسٹریٹجک مقامات کے بارے میں معلومات اکٹھی کر کے انہیں بیرون ملک موساد کو منتقل کرتا رہا۔
بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے حساس تنصیبات، مواصلاتی ڈھانچے اور دیگر اہم مقامات کے بارے میں معلومات اسرائیلی خفیہ ادارے موساد تک پہنچائیں۔ سیکیورٹی اداروں نے خفیہ نگرانی کے بعد اسے حراست میں لیا اور اس کے قبضے سے کچھ اہم ڈیجیٹل مواد بھی برآمد ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بحرینی حکام کے مطابق گرفتار شخص سے تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ کب سے اس سرگرمی میں ملوث تھا اور آیا اس کے ساتھ مزید افراد بھی اس نیٹ ورک کا حصہ تھے یا نہیں۔
حکام کو کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے حالیہ عرصے میں حساس معلومات کے غیر قانونی تبادلے کے حوالے سے نگرانی کا نظام مزید سخت کیا تھا جس کے نتیجے میں اس مبینہ جاسوسی نیٹ ورک کا سراغ ملا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بحرین کی جانب سے بھارتی شہری کی گرفتاری کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے خطے میں خفیہ سرگرمیوں اور سکیورٹی معاملات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے جبکہ متعلقہ ادارے اس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔