انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹی 20 رینکنگ میں سرفہرست ویسٹ انڈیز کے بولر عقیل حسین نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن میں شرکت کا اعلان کر دیا۔
پی ایس ایل کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ عقیل حسین نے پی ایس ایل 10 کے پلیئر ڈرافٹ کے لیے سائن اپ کر لیا ہے۔ عقیل حسین اس سے قبل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ویسٹ انڈین باؤلر نے پی ایس ایل میں اب تک 13 میچز کھیلے ہیں اور ان میں 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
عقیل حسین کی شمولیت سے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں مزید دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
دوسری جانب کیپ ٹاؤن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس تاریخ بدلنے کا سنہری موقع آگیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پرمشتمل سیریز کا کل آخری ٹیسٹ میچ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقہ کو پاکستان کے خلاف ایک صفر سے برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں میچ جیتنے کی کوشش کریں گی، پاکستان اگر میچ جیت جاتا ہے تو سیریز ایک ایک سے برابر ہو جائے گی۔ میچ اگر ڈرا ہو جاتاہے تو سیریز جنوبی افریقہ کے نام رہے گی۔
پاکستان کی جانب سے ٹیم میں ایک تبدیلی کئے جانے کا امکان ہے۔ کیپ ٹاؤن میں پاکستان نے اب تک چار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور تمام میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس تاریخ بدلنے کا سنہری موقع ہے، وہ جنوبی افریقہ کو شکست دے کر تاریخ بدل سکتی ہے۔