فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آ چکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چند دن پہلے سرحد پار سے پاکستان پر حملے کا منہ توڑ جواب دیا گیا، اس میں ملوث خارجی ہاتھ کا ہمیں اچھی طرح علم ہے، فتنہ الخوارج کے مکمل صفایا کرنے کا وقت آ چکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور انسداد دہشتگردی کے آپریشنز کے نتائج پر غور کیا گیا، اجلاس میں پاک افغان سرحدی امور اور خوارجیوں کیخلاف آپریشنز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ چاروں صوبوں، وفاق، گلگت بلتستان آزاد کشمیر میں سب مل کر امن و امان کو بہتر بنائیں گے ، ملک کا مفاد مقدم ہے ۔

 یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کردیا

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے، پاکستان سے باہر بیٹھے ملک دشمن ایجنٹ سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں جو بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے ، وہ جھوٹ کو سپورٹ کرتے ہوئے حقائق کو مسخ کررہے ہیں، جھوٹ کی بنیاد پر سوالیہ نشان اٹھائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی رینجرز جوان شہید ہوئے جھوٹی خبریں بنائی گئیں ، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، حالیہ وقتوں میں سوشل میڈیا پر جھوٹ کی ایسی مثالیں نہیں ملتیں، اگر روکا نہ گیا تو تمام کاوشیں دریا برد ہوجائیں گی،وفاقی اور صوبائی سطح پر سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم کا مقابلہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج ہم نے ان تمام معاملات پر سنجیدگی کے ساتھ گفتگو کرنی ہے، فوج اور پولیس کے جوان پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جو لوگ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں، پاکستان قائم ودائم رہے گا، مل کر چلیں گے تو اس فتنے کا خاتمہ کریں گے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

 

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *