پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی افضل ساہی اور ان کے بھائی رکن صوبائی اسمبلی جنید افضل ساہی کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے علی افضل ساہی اور ایم پی اے جنید افضل ساہی کو اشتہاری قرار دیدیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے اسپیشل جج جاوید اقبال شیخ نے 9 مئی کے کیسز میں دونوں بھائیوں کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جبکہ دونوں بھائیوں کی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں کیونکہ دونوں بھائی 9 مئی کے کیسز کی سماعتوں میں غیر حاضر تھے۔
دوسری جانب 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے درج مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پی ٹی آئی کے 278 گرفتار ورکرز کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مجموعی طور پر 436 ضمانت کی درخواستوں میں سے 158 ورکرز کی ضمانتیں مسترد کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق تھانہ کوہسار کے مقدمے میں 43 ملزمان کی ضمانتیں منظور کی گئیں جبکہ ایک درخواست خارج کردی گئی۔ تھانہ نون کے مقدمے میں 17 ملزمان کی ضمانتیں منظور اور ایک درخواست خارج کی گئی۔ اسی طرح تھانہ آ بپارہ کے مقدمے میں 70 ملزمان کی ضمانتیں منظور کی گئیں جبکہ 25 درخواستیں مسترد کردی گئیں۔