وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے معاہدے کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کھلنے سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نیچے آئیں گی اور قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں متوازن اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا، جبکہ ریونیو جمع کرنے والے ادارے اپنے وسائل سے ٹیکس اکٹھا کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جو بڑے کاروباری ادارے ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس دینا پڑے گا۔ ان کے مطابق بجٹ میں ٹیکس محصولات میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، تاہم جو افراد اور ادارے ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ مریم نواز کی سرجری ہوئی ہے اور انہیں مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کریں کیونکہ بجٹ وزیر خزانہ نے پیش کرنا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ ایوان میں تشریف لائیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سب سے پہلے الیکٹرک بسیں پہنچائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے اپنی آنکھوں کا چیک اپ کروائیں اور ترقیاتی کاموں کو دیکھیں، جبکہ تعصب کی عینک اتار کر پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں۔
اپوزیشن کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حزب اختلاف نے بچوں کی طرح لائن میں کھڑے ہو کر بجٹ سنا، جس پر وہ ان کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے ایک بار پھر سرپلس بجٹ پیش کیا ہے۔ بجٹ میں تعلیم، صحت، زراعت اور سوشل سیکٹر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جبکہ صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے عوام کی فلاح کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔