متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر خود ڈرائیونگ کی۔
تفصیلات کے مطابق اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ضلع رحیم یار خان میں ملاقات ہوئی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سےجاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں رہنما خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے سے بات چیت کر رہے ہیں۔ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان خود گاڑی چلا رہے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف ان کے ساتھ بیٹھے ہیں۔
اس دوران گاڑی میں دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی گفتگو جاری رہی، جو کافی دیر تک خوشگوار ماحول میں ہوئی۔اس ملاقات کے دوران، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات سمیت دیگر ترجیحی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
یواے ای کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گے۔