پاکستان تحریک انصاف کا ریاستی اداروں کیخلاف ایک اور گھنائونا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔
صحافی اظہر جاوید نے گزشتہ روزآزاد ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے کچھ دوستوں سے ملاقات ہوئی اور میری اطلاع کے مطابق 20 جنوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ریاست اور اداروں پر ڈیجیٹل دہشتگردی کا بڑا حملہ کرنے جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے امریکا اور برطانیہ میں بیٹھے ہوئے مختلف لوگوں کو استعمال کیا جائیگا۔ سینٹرل لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھی اس مقصد میں استعمال کیا جارہا ہے۔ میری معلومات کے مطابق کچھ آئی ٹی فرمز کو ہائر کر لیا گیا ہے۔20جنوری کے بعد پریشر ڈالنے کیلئے کہ ڈونلڈ ٹرمپ تحریک انصاف کیلئے کوئی خاص کردار ادا کریں گے، اس کیلئے فنڈنگ مختص کر دی گئی ہے۔یہ بہت افسوسناک ہوگا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر ریاست کیخلاف بھرپور پراپیگنڈا کرے گی اور خاص طور پر جن لوگوں کو ملٹری کورٹس سے رہائی ملی ہے ان کی ویڈیوز چلائی جائیں گی۔
اظہر جاوید کے دعوے کے چند گھنٹے بعد ہی پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ایکس اکائونٹ سے ریاستی اداروں کیخلاف ٹویٹ نے ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر ریاست پر ڈیجیٹل دہشتگردی کیلئے من گھڑت بیانیہ بنا رہی ہے۔ پی ٹی آئی ایکس اکائونٹ پر ٹویٹ میں ملٹری کورٹس سے سزا پانیوالوں کے حوالے سے ٹویٹ کی گئی اور ریاستی اداروں کیخلاف زہراُگلا گیا۔
پی ٹی آئی 9 مئی واقعات کے مجرموں کو مظلوم اور بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے جنہوں نے خود اعتراف کیا ہے ان سے 9 مئی کو اداروں پر حملہ کرکے غلطی ہوئی۔