قبائلی ضلع کرم میں مستقل قیام امن کیلئے اپیکس کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پرعملی طور پر کام شروع کردیا گیا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق حکومتی رٹ قائم کرنے کیلئے سب سے پہلے ٹل، پارا چنار روڑ پر 48 چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، 399 ایکس سروس مین کو بھرتی کیا جارہا ہے ان اہلکاروں کو بطور اسپیشل پروٹیکشن فورس تعینات کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور نفرت پھیلانے کا راستہ روکنے کیلئے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر پارا چنار میں ایف آئی اے سائبر ونگ قائم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق ایپکس کمیٹی میں کیا گیا تمام بنکرز کو ختم کرنے پر کام شروع کردیا گیا ہے ، بنکرز کا 1 فروری تک ختم کرنے کیلئے پلان تیاری کی پر کام شروع کردی گئی ہے، بنکرز کے خاتمہ کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ہوگی۔
ایپکس کمیٹی میں کئے گئے اسلحہ جمع کرنے کے فیصلے پر بھی عمل ہوگا اور 15 دنوں کے اندر اسلحہ جمع کرنے کا منظم پلان ترتیب دیا جائے گا۔
ایپکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق یکم فروری تک تمام اسلحہ سرکار کے پاس جمع کیا جائے گا، جمع کئے جانے والے اسلحہ کا ڈیجیٹائز ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ کسی قسم کی پریشانی اور مشکلات سامنے نہ آئے۔
اسلحہ جمع کرنے کی نگرانی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کو دی گئی ہے، مقامی لوگوں کو یہ آپشن بھی دیا جائے گا کہ وہ اسلحہ حکومت پر فروخت کریں۔
دوسری جانب اسلحہ کی رجسٹریشن کیلئے کرم میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا۔