علیمہ خان نے عمران خان کو ہائوس اریسٹ کی پیشکش سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہماری بھائی ڈیڑھ سال سے جیل میں قید ہے، بیک ڈور ڈیل کرنا ہوتی تو کرچکے ہوتے۔ پہلے دن سے ڈیل کی آفرز آرہی ہیں لیکن براہ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ رول آف لا کی بات کی ہے، ڈیڑھ سال جیل میں رکھ کر اب کیا ہائوس اریسٹ کریں گے؟ عمران خان کو کہا جارہا ہے کہ چپ رہوں، منہ نہ کھولو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو ہائوس اریسٹ کی پیشکش علی امین گنڈاپور لے کر آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میراخیال ہے کہ مذاکرات کرنیوالے سنجیدہ نہیں ہیں، عمران خان نے صرف دو مطالبات سامنے رکھے ہیں۔ وہ دو سال سے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب 26 نومبر پر بھی جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن کسی سینئر جج کے انڈر بنا دیں جو سب کو قابل قبول ہو۔ مسلم لیگ (ن)کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں جو ہمیں آرڈر آئے گا ہم وہی کریں گے۔ رول آف لا اور جمہوریت کے اندر جوڈیشل کمیشن ہی بنتے ہیں۔ مذاکرات چلانے ہیں تو چلائیں۔ روکا کس نے ہے؟ جیل کے اندر ملاقاتیں کروانے کیلئے صبح 7بجے دروازے کھلتے ہیں۔ اب کیوں نہیں مذاکراتی کمیٹی کو ملنے نہیں دیا جارہا۔فیصلہ تو عمران خان نے کرنا ہے اور کمیٹی ان سے ملاقات کرے گی تو کوئی بات ہوگی۔