تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملاقات کے بغیر مذاکراتی عمل نا ممکن اور غیر ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریکِ انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کے بغیر مذاکراتی عمل نا ممکن اور غیر ضروری ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ہماری مذاکراتی ٹیم کو عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جارہی جبکہ مذاکراتی کمیٹی کی میٹنگ میں واضح بتا دیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ضروری ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے ہدایات لئے بغیر مذاکرات میں پیشرفت ممکن نہیں اوراتفاق رائے کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جارہی جس سے عدم اعتماد پیدا ہو رہا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سپیکر آفس سے بھی بارہا رابطہ کر چکے ہیں لیکن مثبت جواب نہیں مل رہا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت کی کیا حیثیت اور کتنا عمل دخل ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نےکہا کہ حکومتی سنجیدگی اور اختیار کا اندازہ بھی اس سے ہورہا ہے اورعمران خان تک رسائی نہیں دی جاتی تو مذاکرات کی تیسری نشست کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر اور حکومت کو واضح پیغام ہے کہ عمران خان سے ملاقات یقینی بنائی جائے، ہم آپ سے اضافی فائدہ نہیں مانگ رہے بلکہ یہ ہمارا قانونی حق ہے۔