کرکٹ شائقین نے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین سے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کی، جس پر علی ترین نے صاف انکار کر دیا۔
سماجی میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک مداح نے علی ترین سے درخواست کی کہ ٹیم کی جرسی کا ڈیزائن بدلنے کے ساتھ ،احمد شہزاد اور عمر اکمل کو بھی سلطانز کا حصہ بنایا جائے۔ مداح نے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کے کیریئر کو بچانے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ علی ترین نے مداح کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے جواب دیا لیکن صاف الفاظ میں کہا، ’معاف کیجیے، ان دونوں کے لیے میرا جواب نہ میں ہے۔‘
یاد رہے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد نے آخری بار پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی ۔
دوسری جانب، پی ایس ایل کے نئے سیزن کے لیے پلاٹینم کیٹیگری کے ڈرافٹ آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے مطابق دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کو پہلا انتخاب ملے گا، دوسرے نمبر پر کراچی کنگز،2019 کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے نمبر پر جبکہ پشاور زلمی چوتھی پک لے گی، ملتان سلطانز پانچویں نمبر پر کھلاڑی چنیں گے،جبکہ موجودہ چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چھٹے نمبر پر کھلاڑی پک کرے گی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ سلطانز اپنی ٹیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کن نئے چہروں پر اعتماد کرتے ہیں۔