ملک کے اکثر علاقوں میں آج موسم سرد رہنے کا امکان ہے ، پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب میں درمیان سے شدید جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی پنجاب اور مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
استور میں درجہ حرارت منفی تیرہ، قلات میں منفی پانچ، کوئٹہ میں منفی چار ڈگری تک گر گیا، کراچی میں بھی شدید ٹھنڈ، صبح سویرے پارہ بارہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے، موٹر وے متعدد مقامات سے بند ہونے کے ساتھ ساتھ فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات سے بند ہے، ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔
لاہور سے سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 کو دھند کے باعث بند رکھا گیا ، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی دھند کا راج رہا، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ڈرائیورزکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہناہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔