گوادر کا نیا بین الاقوامی ایئر پورٹ فعال، پہلی پرواز کہاں جائےگی؟

گوادر کا نیا بین الاقوامی ایئر پورٹ فعال، پہلی پرواز کہاں جائےگی؟

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پاکستان کے سب سے بڑے اور جدید ترین نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنی عملی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی پرواز، پی کے 197، جمعہ کے روز عمان کے دارالحکومت مسقط کے لیے روانہ ہوگی۔

چار ہزار تین سو ایکڑ پر پھیلا یہ ایئرپورٹ پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ پروجیکٹ ہے، جسے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت چین کے تعاون سے تعمیر کیا گیا۔ یہ ہوائی اڈہ دنیا کے بڑے مسافر بردار طیاروں، بشمول ایئربس 380 اور بوئنگ 747، کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رن وے کی لمبائی 3,658 میٹر اور چوڑائی 75 میٹر ہے، جبکہ جدید لینڈنگ اور نیویگیشن آلات نصب کیے گئے ہیں تاکہ ہر موسم اور وقت میں پروازیں ممکن ہوں۔

ابتدائی طور پر گوادر اور مسقط کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ اگلے مرحلے میں کراچی سمیت دیگر شہروں کے لیے بھی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ایئرپورٹ کی تعمیر پر 60 ارب روپے سے زائد لاگت آئی، جس میں نصف سے زائد مالی تعاون چین نے فراہم کیا۔ 42 فٹ بلند اور 14 ہزار مربع میٹر پر مشتمل سمارٹ ٹرمینل بلڈنگ سالانہ چار لاکھ سے زائد مسافروں کو سہولت فراہم کر سکتی ہے۔

مسافروں کو برج کے ذریعے پرواز تک پہنچنے کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ کارگو ٹرمینل سالانہ 30 ہزار ٹن سامان سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گوادر ایئرپورٹ کو پاکستان، عمان، اور چین کے مشترکہ وینچر کے تحت چلایا جائے گا، جبکہ انتظامات کی نگرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کرے گی۔ مزید بین الاقوامی پروازوں کے لیے چین، عمان اور متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
نئے ہوائی اڈے کے افتتاح سے نہ صرف بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں نئی جان پڑے گی بلکہ گوادر کے عالمی تجارتی مرکز بننے کے خواب کو بھی تقویت ملے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *