پی آئی اے کی براہ راست پرواز پی کے 749 ساڑھے چار سال کے طویل وقفے کے بعد فرانس کے دارالحکومت پیرس میں لینڈ کر گئی۔
یہ پرواز اسلام آباد سے دن ساڑھے 12 بجے روانہ ہوئی تھی اور تقریباً آٹھ گھنٹے کے سفر کے بعد پیرس ایئرپورٹ پر پہنچی۔ پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے عملے اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس خصوصی پرواز پر پی آئی اے کے سی ای او عامر حیات سمیت اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
اس پرواز میں کل 317 مسافر اور عملہ شریک تھا، جن کی آمد نے پاکستان اور فرانس کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی کو ممکن بنایا۔ مسافروں کی آمد کے موقع پر پیرس ایئرپورٹ پر ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں کیک کاٹا گیا۔
تقریب میں پی آئی اے کے حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے نمائندوں نے شرکت کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی اس کامیاب کوشش کو سراہا۔ یہ پرواز نہ صرف پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ یورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم سہولت بھی فراہم کرے گی۔