صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان این آر او (NRO) کیلئے جھک گئے ہیں۔
عظمی بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ترقیاتی کام تیزی کیساتھ جاری ہیں ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی بذات خود کر رہی ہیں ۔ دھی رانی پروگرام وزیراعلی پنجاب کے دل کے بہت قریب ہے۔جس کیلئے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، اس منصوبے کے تحت مریم نواز کی جانب سے نئے جوڑوں میں فرنیچر اور ضروری اشیاء سمیت دیگر تحائف پیش کئے جائیں گے، جبکہ نئے جوڑوں کو وزیراعلی ٰپنجاب کی طرف سے ایک لاکھ روپے سلامی بھی دی جائے گی۔ دھی رانی کارڈ کے ذریعے نئے جوڑے ایک لاکھ روپے سلامی حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 30 ہزار طلبا سکالر شپ پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔ جبکہ ترسیلات زراضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ہوتی رہی ہیں جبکہ سول نافرنی کر کے آئی ایم ایف کو بھی خطوط لکھے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف منفی پراپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہے، سازش کے ذریعے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، ان کی فائنل کال، مس کال ثابت ہوئی، یہ دم دبا کر ڈی چوک چھوڑ کر بھاگے تھے۔ عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی این آر او کیلئے کوشاں ہے اور عمران خان NROکیلئے جھک گئے ہیں ۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت سفارش نہیں میرٹ پر کام کر رہی ہے۔ جبکہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی حکومت پر کرپشن الزامات ہیں ، ان کا ایک وزیر تو میٹرک فیل تھا۔
عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ دوسروں کا اے سی بند کروانے والوں کیلئے مکافات عمل ہے ، پی ٹی آئی ملاقات کی شکایتیں کر رہی ہے یہاں یہ حال ہے کہ عمران خان کے گھر والے ہی خود ان سے ملنے نہیں جانا چاہتے۔