پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کی عمران خان سے اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں اہم ملاقات ختم ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومتی مذاکرات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ مذاکراتی ٹیم نے عمران خان کو حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے مذاکراتی ٹیم کو آئندہ کا لائحہ عمل فراہم کیا اور اہم ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ون ٹو ون ملاقات کی۔ ملاقات میں حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے تیسرے دور سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی شرط عائد کی گئی تھی۔ سوموار کو وکلاء کی جانب سے درخواست میں بھی مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ مذاکراتی ٹیم میں عمر ایوب، صاحبزادہ حامد، علامہ ناصر عباس، اور اسد قیصر شامل تھے۔
فیصل چوہدری بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم مذاکراتی ٹیم کے دو اہم اراکین، حامد خان اور سلمان اکرم راجہ اڈیالہ نہیں پہنچ سکے۔