تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ملک کے عدالتی نظام کا مذاق اڑایا جارہا ، بانی چیئرمین عمران خان سے بات منوانا خام خیالی،القادر ٹرسٹ بربریت کا کیس ہے، قوم کی نظریں کل کے فیصلے پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس عدت اور سائفر کیسز کی طرح ہے ، ا س مقدمے کو ہر بار موخر کردیاجاتا ہے، القادر ٹرسٹ کی زمین کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نیب گواہان نے تسلیم کیا ہے کہ پیسہ بانی پی ٹی آئی اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں نہیں آیا، نیب کی موجودہ ترامیم میں کابینہ کے فیصلوں کو استثنیٰ حاصل ہے۔ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آئی ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے مزید کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس میں ٹرسٹیز کو بدنام کیا جارہا ہے، فلاحی ادارے قائم کرنا حکومت کا کام ہے، فلاحی کام کرنے والوں کا استحصال کیا جاتا ہے۔