عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ کل 11بجے سنایا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق کل اڈیالہ جیل میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سنایا جائے گا۔ عدالتی عملہ نے وکیل صفائی خالد یوسف چوہدری کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا۔ عدالتی سٹاف نے نیب کی پراسیکیوشن ٹیم کو بھی آگاہ کر دیا۔ عدالتی سٹاف کے مطابق فیصلہ صبح 11بجے سنایا جائیگا۔
یاد رہے کہ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر کو محفوظ کیا تھا، پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم پھر فیصلے کی تاریخ موخر ہوکر پہلے 6 جنوری اور پھردوسری بار موخر کرکے 13 جنوری مقرر کی گئی۔
نیب نے 13 نومبر 2023 کو 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی تھی اور 17 دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی تھی۔ 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا ہے، عمران خان کے خلاف یہ واحد کیس ہے جس کا ٹرائل ایک سال تک جاری رہا۔
عمران خان کو 190ملین پائونڈ ریفرنس میں سزا ضرور ہوگی، فیصل واوڈا
سینیٹر فیصل واوڈا نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 190ملین پائونڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، اس کیس میں عمران خان کو سزا ضرور ہوگی۔ جو جرم کیا ہے اس کی سزا توضرور ہوتی ہے۔ میں نے عمران خان کو بتایا تھا کہ 190 ملین پائونڈ کیس ضرور بنے گا۔ مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں ہے۔ عمران خان اب میرے لیڈر نہیں ہیں، جن کے ہیں وہ فکر کریں۔ پی ٹی آئی نے ملکی تنصیبات پر حملہ کیا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں 4 سال سے عمران خان کو لڑائی سے روکتا رہا لیکن وہ نہیں رکے۔ عمران خان کے اپنے ہی لوگ انہیں جیل میں رکھنا چاہتے ہیں۔ عمران خان کے قریبی لوگوں نے انہیں مارنے کی سازش بھی کی ہے۔ عمران خان کو کہتا رہا ان حواریوں کی بات نہ مانیں۔ مجھے آج بھی عمران خان کی جان کے حوالے سے خدشات ہیں۔ آج پی ٹی آئی والے اقتدار کے مزے لے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ ناکردہ چیزیں بھی عمران خان پر تھوپ رہے ہیں۔ عمران خان کو کوئی ایگزیکٹو آرڈر نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔ ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ آرمی چیف کی بدولت پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہونے جارہی ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستان اب خطے میں بڑا متحرک نظر آئیگا۔ عمران خان ٹرمپ کارڈ کھیلنا چھوڑ دیں۔ 20 جنوری سے پہلے پی ٹی آئی کیلئے سرپرائز اور پاکستان کیلئے اچھا ہونیوالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں مذاکرات کا بڑا حامی ہوں، جمہوریت کا حسن ہی بات چیت ہے تاہم بے ایمانی نہیں ہونی چاہئے۔ پی ٹی آئی اور حکومت مذاکرات میں چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما عمران خان کو جیل میں رکھنا چاہتے ہیں اور ان کیلئے مشکلات بڑھائی جارہی ہیں۔