بہاولپور کے قریب احمد پور شرقیہ میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں پرٹریلر کار پر الٹنے سے پانچ افراد دب کر جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا ٹریلر کی کار کو ٹکر کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثہ اڈہ مسافر خانہ کے قریب پیش آیا، حادثے کے بعد ٹریلر کار پر الٹ گیا،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کار سوارکی غلطی اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، حادثے کی شکار کار اوورلوڈ تھی اور اس میں 9افراد سوار تھے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق کار ڈرائیور نے انڈیکیٹر دیئے بغیر اچانک لین تبدیل کی، پیچھے سے آنے والا ٹریلر بےقابو ہوکر کار پر الٹ گیا۔
اس کے علاوہ قومی شاہراہ پر شدید دھند بھی حادثے کا باعث بنی، موٹر وے پولیس کے اہلکار اور دیگرادارے امدادی کارکنان کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کنٹینر کار کے اوپر گرنے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ بعد ازاں کرین کی مدد سے کنٹینر کو کار کے اوپر سے ہٹادیا گیا، کار کی باڈی کاٹ کر لاشوں کو نکالا گیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو کار سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پرشدید دھند کے باعث ٹریلر اور کار میں ہونے والے تصادم میں 5افراد کے جاں بحق ہونے کی خبر پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوزخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔