پشاور: خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے القادر ٹرسٹ جعلی کیس قراردیا ہے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایک جعلی کیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ کیس اپنی منطقی انجام تک پہنچے گا تو سب کو پتا چل جائے گا کہ یہ حقائق پر مبنی ہے یا صرف جھوٹ اور جعلی مقدمہ ہے۔
صوبائی ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے شریف اور زرداری خاندان کی طرح پیسہ بیرون ملک منتقل نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ القادر ٹرسٹ ایک ایسا کیس ہے جس میں پیسے بیرون ملک سے پاکستان آئے لیکن یہ پیسہ نہ تو عمران خان کے اکاؤنٹ میں ہے اور نہ ہی بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی واضح کیا کہ القادر ٹرسٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کوئی ذاتی فائدہ نہیں ہوا اور نہ ہی اس سے ملک کو کوئی نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن تب ہوتی ہے جب ملکی پیسہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک منتقل کیا جائے اور عمران خان نے نواز شریف یا آصف زرداری خاندان کی طرح ایسا کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ القادر یونیورسٹی پاکستان میں دینی اور عصری علوم کو فروغ دے رہی ہے اور یہ جعلی مقدمہ بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔