سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائی کا مطلب ملک میں نئے عام انتخابات کا انعقاد ہوگا۔ ان کے مطابق عمران خان کی سیاسی حیثیت کو تسلیم کیے بغیر ملک میں حالات معمول پر نہیں آ سکتے۔ اپنے تازہ بیان میں فواد چوہدری نے زور دیا کہ سیاسی استحکام کے لیے مذاکرات ضروری ہیں لیکن اس کے لیے سیاسی ماحول کو سازگار بنانا ہوگا۔
انہوں نے تجویز دی کہ اگر خواجہ آصف کو مذاکراتی عمل کا حصہ بنایا جائے تو مثبت پیشرفت ممکن ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے میں تاخیر پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیر نے اسے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ عدالتوں کو دباؤ سے آزاد رہ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیل میں ہیں اور ان کی پارٹی عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہے، لیکن ملک کے استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے تو انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔