راولپنڈی: نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے گردونواح کا علاقائی تنازعہ بالآخر حل کرلیا گیا جس کے تحت اٹک اور راولپنڈی کے درمیان حدود کی تقسیم کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے، اے ایس ایف کالونی، پارکنگ ایریا، اور ٹرمینل بلڈنگ سمیت تین کلومیٹر فنل ایریا کو راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد کی حدود میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کمشنر و آر پی او راولپنڈی سمیت ڈپٹی کمشنر و پولیس سربراہان کو بھی مراسلے بھیج دیے ہیں ۔
واضح رہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ جو اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک کے اضلاع میں پھیلا ہواہے، آپریشنل ہونے کے بعد علاقائی حدود کے تنازعے کی وجہ سے قانونی پیچیدگیوں کا شکار رہا۔ ابتدا میں ایئرپورٹ کا انتظامی کنٹرول عارضی طور پر اٹک کے تھانہ نیو ایئرپورٹ کے سپرد کیا گیا تھا۔ تاہم، مستقل حل کے لیے کیس پنجاب حکومت کو بھیجا گیا، جس پر کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ نے تمام متعلقہ افسران کو احکامات ارسال کردیے۔
کابینہ کمیٹی کی منظوری کے بعد گورنر پنجاب نے بھی احکامات جاری کردیے ہیں،فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ۔