ریاض: سعودی عرب کے سفر پر جانے والے پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے، پی آئی اے کی پروازوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو سفر میں مزید سہولت ہو گی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ریاض میں مینجر محمد بلال احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور، اسلام آباد اور ملتان سے ریاض کے لیے ہفتہ وار 7 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ تاہم، سعودی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی (گاگا) کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد جلد ہی ان پروازوں کی تعداد کو بڑھا کر 14 کیا جائے گا۔
محمد بلال احمد نے کہا کہ پروازوں میں اضافے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید آسانیاں فراہم ہوں گی اور انہیں معیاری خدمات مہیا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے تقریباً 85 ایئر لائنز ریاض کے لیے خدمات فراہم کر رہی ہیں لیکن پی آئی اے نے گزشتہ چھ ماہ میں 93 فیصد کارکردگی کے ساتھ اپنے معیار کو برقرار رکھا ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کا اعتماد بڑھا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ عمرہ زائرین کو سفر سے قبل مکمل ویکسی نیشن اور صحت سے متعلق ضروری دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ پاکستان سمیت پولیو سے متاثرہ ممالک کے زائرین کے لیے پولیو ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے اور تمام عمرہ زائرین کے لیے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔ یہ اقدامات سعودی عرب میں صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔