ملک میں سونے کی قیمت میں دوسرے روز بھی نمایاں اضافہ ہوگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1400 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 82 ہزار 200 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 2 لاکھ 41 ہزار 941 روپےکا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے کو ملا، جہاں سونا 13 ڈالر بڑھ کر 2703 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں سونے کے نئے ذخائر دریافت ہو گئے، پنجاب کے مزید تین مقامات پر سونے کے ذخائر کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹک کے بعد میانوالی، تربیلا اور ستلج کے مقام پر بھی سو نے کے ذخائر موجود ہیں۔
نیسپاک کو مزید مقامات پر سونے کی موجودگی کے بعد سروے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق تینوں مقامات پر موجود سونے کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کئی سو ارب تک ہوسکتی ہے۔ محکمہ معدنیات کے حکام مزید مقامات پر سونا نکلنے کے حوالے سے جلد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ دیں گے۔