کراچی: پاکستان کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ آج خلا میں روانہ کیا جائے گا، یہ قدم پاکستان کاخلائی تحقیق میں اہم سنگِ میل عبور کر نا ہے، جدید سیٹلائٹ قومی خلائی ادارے سپارکو کی تکنیکی مہارت اور تحقیق کا شاندار نمونہ ہے جس کی لانچنگ تقریب کراچی میں سپارکو کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔
سیٹلائٹ کو چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا جائے گا اور اس تاریخی لمحے کو پاکستانی عوام براہ راست دیکھنے کے قابل ہوں گے۔ مقامی طور پر تیار کردہ یہ سیٹلائٹ مختلف شعبوں میں استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جن میں ماحولیاتی تحفظ، زراعت، دفاع اور نگرانی شامل ہیں۔
سپارکو کے مطابق، ای او-1 سیٹلائٹ نہ صرف قدرتی وسائل کی نگرانی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، شہری منصوبہ بندی، اور پانی کے انتظام جیسے شعبوں میں بھی انتہائی اہم ڈیٹا فراہم کرے گا۔ یہ مشن خلا اور سائنسی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کا ثبوت ہے اور ملک کے خلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ نہ صرف تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا بلکہ قومی معیشت اور سائنسی ترقی میں بھی مثبت اثر ڈالے گا، جو پاکستان کو عالمی خلائی تحقیق کے میدان میں مزید آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا۔