لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو ہدایت دی ہے کہ 8 فروری کو خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع سے قافلے پشاور پہنچ کر شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں۔
وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حقیقی آزادی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم ظاہر کیا ہے اور اپنے نظریے پر قائم رہنے کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں اور ہماری روایات خواتین کو سیاست میں ٹارگٹ کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے عمران خان کا ساتھ دینے کے لیے مشکلات برداشت کیں اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔
فیصل چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کو یوم سیاہ میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
عمران خان نے القادر ٹرسٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ عوام کی امانت ہے اور اسے کسی صورت رائیونڈ یا شریف خاندان کے قبضے میں جانے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب پولیس کی کارروائیوں کو بدمعاشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ القادر یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ غیر قانونی ہے اور پنجاب حکومت کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
عمران خان نے پراسیکیوشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے ہیں۔ انہوں نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ تحریک انصاف جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی، آزاد عدلیہ و میڈیا اور بنیادی شہری حقوق کے تحفظ کی جنگ جیتے گی۔
انہوں نے سیاسی مخالفت میں خواتین کو نشانہ بنانے کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ پہلی بار سیاسی انتقام کی حدیں اس قدر تجاوز کر گئی ہیں کہ گھریلو خواتین کو بھی سزا دی جا رہی ہے۔