ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغرب سے آنے والا بادلوں کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا جو 20 جنوری تک پاکستان میں رہے گا اور اس دوران سرد موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ 21 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ سمیت مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کاامکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی اور بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔