واشنگٹن کی شدید سردی کے باعث تاریخی تقریب حلف برداری 40 سال بعد اندرون عمارت منعقد ہوگی۔
واشنگٹن ڈی سی میں سخت سردی کے باعث امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کھلی فضا کے بجائے اِن ڈور منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق شہر میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے جو تقریب کو کھلی فضا میں منعقد کرنے میں رکاوٹ بن سکتا تھا۔
تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کسی امریکی صدر کی تقریب حلف برداری اِن ڈور منعقد ہوگی۔ اس سے قبل 1985 میں صدر رونالڈ ریگن کی دوسری مدت کی تقریب بھی شدید سرد موسم کے باعث اِن ڈور منعقد ہوئی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن کے کیپٹل ہل کی روٹنڈا ہال میں اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ تاہم تقریب میں شرکت کے خواہشمند دو لاکھ بیس ہزار ٹکٹ ہولڈرز میں سے زیادہ تر افراد خود تقریب میں موجود نہیں ہو سکیں گے۔ حامیوں کو تقریب لائیو اسکرینز پر دیکھنے کے لیے کیپٹل ون ایرینا مدعو کیا گیا ہے۔
حلف برداری سے قبل کیپٹل ون ایرینا میں ٹرمپ کے حامیوں نے ریلی نکالی، جس میں ٹرمپ کی انتخابی کامیابی کو بھرپور انداز میں منایا گیا۔ صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ حلف برداری کے بعد ایرینا میں حامیوں کے ساتھ جشن میں شریک ہوں گے۔