آزاد ڈیجیٹل کی خبر پر خیبرپختونخوا حکومت نے فوری ایکشن لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق 24 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے ریسکیو اہلکار کی گزشتہ روز خبر شائع کی گئی تھی۔ خبر میں گرفتار ریسکیو ڈرائیور سفیر اللہ کے بھائی سے ان کی مشکلات کے بارے میں تفصیلات لی گئیں اور گرفتار اہلکار کے بیٹے کی وفات کے معاملے سے حکومت اور ریسکیو حکام کو آگاہ کیا گیا۔ خبر کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کیں۔
ان ہدایات کے تحت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن تیمور شاہ، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز خان، ڈائریکٹر فنانس کمال شاہ، ڈائریکٹر آپریشن (ساؤتھ) عمران خان، اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور غیور مشتاق خان پر مشتمل وفد کو فوری طور پر سفیر اللہ کے گھر بھیجا گیا۔
وفد نے سفیر اللہ کے مرحوم بیٹے عماد کی مغفرت کے لیے دعا کی اور خاندان کو یقین دلایا کہ مشکل وقت میں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفد نے گرفتار ڈرائیور کی رہائی کے لیے مختلف قانونی معاونت اور عدالتی کارروائیوں کے حوالے سے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن تیمور شاہ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے سفیر اللہ کے خاندان کو نقد مالی امداد فراہم کی۔ جب آزاد ڈیجیٹل نے گرفتار ڈرائیور سفیر اللہ کے بھائی کرامت اللہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے آزاد ڈیجیٹل کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ڈیجیٹل ان کی آواز بن گیا ہے۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ آزاد ڈیجیٹل مظلوم عوام کی اسی طرح آواز بنتا رہے اور اپنی آزادی کے ساتھ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے۔