ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سردی نے ڈٰیرے ڈال رکھے ہیں محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔
وزیرستان اور غذر میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، سکردو میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید برفباری اور سیلاب کی نئی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے شہر باغ میں بارش اور برف باری سے سردی مزید بڑھ گئی، جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے اور گاڑیوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہے، شدید برفباری کے باعث آزاد کشمیر کے علاقے تاؤ بٹ اور ہلمت کا زمینی رابطہ دیگرعلاقوں سے کٹ گیا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقوں انگوراڈہ اور شکئی میں بھی برفباری ہوئی۔
شوگران میں بھی وقفہ وقفہ سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برف نے شوگران کے حسن میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار ونٹر سیزن میں سیاح چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے شوگران جاسکیں گے۔
بلوچستان کے مشرقی اضلاع میں بھی برف باری ہوئی ہے جبکہ ان علاقوں سے چلنے والی سرد ہوائیں اب کراچی کا رخ کررہی ہیں ، کراچی میں 22 جنوری سے سردی میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں محکمہ موسمیات کے مطابق ایک ہفتے تک پارہ سنگل ڈیجٹ میں رہے گا۔
بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی لہہ میں منفی آٹھ ڈگری ریکارڈ کی گئی، گوپس میں پارہ منفی چھ ، سکردو اور مالم جبہ میں منفی پانچ تک گرگیا۔
بگروٹ اور پاراچنار میں منفی 4، استور میں منفی2 اور ہنزہ میں منفی 1 ڈگری ، دیر میں ایک ، پشاور میں6 ڈگری سینٹی گریڈ، اسلام آباد میں4 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔