پشاور: سینیٹر فیصل جاوید نے پی ٹی آئی اور اس کے بانی عمران خان کے خلاف سیاسی انتقام کے الزامات عائد کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 14 سال قید کی سزا دینا اور انہیں سیاسی مقدمات کا نشانہ بنانا ایک سازش ہے، جبکہ القادر کیس میں حکومت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ یہ من گھڑت کیس ہے اور وہ پُراعتماد ہیں کہ ہائیکورٹ سے یہ کیس ختم ہو جائے گا۔
فیصل جاوید نے مزید کہا کہ جب وہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملنے جاتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ خود وہ جیل میں ہیں۔ انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے اور وہ جیل سے باہر آکر ملک میں سرمایہ کاری کی راہیں کھولیں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے عوامی ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راستے میں رکشہ والے نے سوال کیا کہ عمران خان کب باہر آئیں گے اور یہ سوال ہر پاکستانی کی زبان پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی غلامی کی بات نہیں کر رہی بلکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی بات کر رہی ہے اور انصاف کا مطالبہ کر رہی ہے۔
انہوں نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ دن اس لیے یاد رکھا جائے گا کیونکہ 2023 کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی تھی۔ فیصل جاوید نے بھی کہا کہ یہ پہلا الیکشن تھا جس میں امیدوار ووٹرز کے پاس نہیں گیا بلکہ ووٹرز امیدوار کے پاس آئے اور مختلف امیدواروں کو غیر مناسب نشان دیے گئے۔