پشاور: پی ٹی آئی کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار نے پارٹی میں غداری کے الزامات پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
آزاد ڈیجیٹل کیساتھ خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں ہم نے دی ہیں لیکن بدلے میں ہمیں سب سے زیادہ غداری کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔شاندانہ گلزار نے کہا کہ اگر ان پر اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملنے کا الزام لگایا جا رہا ہے اور وہ آئے روز عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں تو پھر وہ افراد جو پارٹی کے اندر ہیں اورجن پر ایف آئی آرز ہیں، وہ آزاد گھوم پھر رہے ہیں۔وہ کس کے ساتھ ہیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ ان افراد کا تعلق کس سے ہو سکتا ہے، وہ پارٹی کے سینئر رہنماوں کو معلوم ہے۔
عمران خان کی رہائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شاندانہ گلزار نے کہا کہ ان کی رہائی کا چانس ہے اور وہ ضرور رہا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اور حکومت کے درمیان کسی بھی طرح کی مزاکرات کے بارے میں انہیں کسی خاص پیش رفت کی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس حوالے سے کچھ کہہ سکتی ہیں۔
شاندانہ گلزار نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پارٹی کے اندرونی اختلافات اور الزامات کی بنا پر مشکلات بڑھ گئی ہیں لیکن انہوں نے عمران خان کی رہائی اور پی ٹی آئی کے موقف کے حق میں مضبوط یقین کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پس پردہ ڈیل چل رہی ہوتی تو آج عدالتوں کی چکر نہیں کاٹ رہے ہوتے۔