شعبان المعظم کے چاند کی پیدائش کے حوالے سے اہم پیشنگوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شعبان المعظم کے چاند کے بارے میں پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبان کا چاند 30 جنوری بروز جمعرات کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق چاند کی پیدائش 29 جنوری کی صبح 5 بج کر 36 منٹ پر ہوگی اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 4 منٹ ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 57 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس پیشگوئی کے مطابق، شعبان کا چاند 30 جنوری کو افق پر ظاہر ہو گا، جس سے ماہ شعبان کا آغاز متوقع ہے۔
دوسری جانب ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند 28 فروری یا یکم مارچ 2025 کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
اگر یہ چاند 28 فروری کو نظر آتا ہے تو یکم رمضان المبارک یکم مارچ کو ہوگا، بصورت دیگر 2 مارچ کو رمضان کا پہلا روزہ ہوگا۔اسی طرح عیدالفطر کے حوالے سے بھی ماہرین فلکیات نے اپنی پیشگوئی کی ہے۔
عیدالفطر کا چاند 29 یا 30 مارچ کو نظر آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اگر چاند 29 مارچ کو نظر آتا ہے تو عیدالفطر 30 مارچ کو ہوگی، اور اگر چاند 30 مارچ کو نظر آتا ہے تو عیدالفطر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔