سیف علی خان کی جان بچانے والے رکشہ ڈرائیور سے ملاقات

سیف علی خان کی جان بچانے والے رکشہ ڈرائیور سے ملاقات

16 جنوری کی رات ممبئی کے باندرا علاقے میں بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی۔ اداکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنایا تاہم اس دوران وہ چاقو کے وار سے زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے کے بعد سیف علی خان کو گھر کی گاڑی کے بجائے ایک رکشہ کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایاگیا۔ رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا نے اداکار کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے میں مدد کی۔ گزشتہ روز سیف علی خان نے اسپتال میں رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیف علی خان کی والدہ اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے۔ سیف نے رکشہ ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

مزید پڑھیں: سیف علی خان پر حملے میں ملوث مشتبہ شخص گرفتار: تفصیلات جانیے

بھجن سنگھ رانا نے میڈیا کو بتایا کہ ملاقات کے دوران انہیں ایمرجنسی گیٹ سے ماسک پہنا کر سیف علی خان کے کمرے میں لے جایا گیا۔ سیف علی خان نے انہیں اپنے برابر میں بٹھایا اور ان کی بہادری پر شاباش دی اورخاندان کے دیگر افراد نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

بھجن سنگھ رانا نے مزید بتایا کہ سیف علی خان نے مذاق میں کہا کہ اس دن آپ کو پیسے نہیں دے پایا تھا لیکن آپ کے پیسے آپ کو ضرور مل جائیں گے۔ زندگی میں کبھی بھی ضرورت پڑی تو میرےگھر کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

یاد رہے کہ چاقو حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سیف علی خان کے گھر کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *