محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان کر دیا، جس کے تحت درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب میں درخواستیں 24 جنوری تک وصول کی جائیں گی اور منتخب امیدواروں کے انٹرویو 25 جنوری کو لیے جائیں گے۔ انٹرویو کے بعد منتخب امیدواروں کی فہرستیں 31 جنوری کو آن لائن پورٹل پر جاری کی جائیں گی۔
پنجاب کے 42 ہزار سکولوں میں اس وقت ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد اسامیاں خالی پڑی ہیں، جنہیں پر کرنے کے لیے عارضی اساتذہ کی بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ یہ بھرتیاں 4 ماہ کے کنٹریکٹ پر کی جائیں گی، جو یکم فروری سے 31 مئی تک ہوں گی۔ گرمی کی چھٹیوں کے بعد ان کنٹریکٹس میں دوبارہ توسیع بھی کی جائے گی۔
امیدوار 22 جنوری سے سکول پنجاب گورنمنٹ ایپ پر آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ درخواست دینے کے لیے امیدواروں کی عمر کی حد 21 سے 45 سال کے درمیان رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کی تعلیمی قابلیت ماسٹر ڈگری یا گریجویٹ کے ساتھ پروفیشنل ڈگری ہونا ضروری ہے۔یہ بھرتیاں سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
امیدواروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ درخواست فارم اور دیگر ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواستیں مکمل طور پر آن لائن پورٹل پر جمع کرائیں۔