ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء مہنگی، 12 سستی اور 25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.77 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مہنگائی بڑھنے کی شرح سالانہ بنیادوں پر 0.52 فیصد پر ریکارڈ ہوئی۔
حکومت کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے لیکن ایک ہفتے کے دوران 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار کم ہوکر 0.52 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 33 فیصد، انڈے 10.23 فیصد، پیاز 10 فیصد تک سستے ہو گئے ہیں، آلو 7.37 فیصد، دال چنا 1.61 فیصد اور چکن ایک فیصد تک سستی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ دال ماش، گڑاور ایل پی جی کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ایک ہفتے میں چینی، کیلے، لہسن، چاول، گھی، دال مونگ اور لکڑی مہنگی ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 141.36 روپے سے بڑھ کر 145.50 روپے ہو گئی ہے۔
گھی کی قیمت 583.89 روپے فی کلو سے بڑھ کر 585.81 روپے ہو گئی ہے، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 1496.18 روپے سے بڑھ کر 1498.48 روپے کا ہو گیا ہے۔