سابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کردی، پاکستان کیساتھ قیدیوں کی رہائی کے معاہدے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے امریکی وکیل کلائیو اسمتھ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وکیل درخواستگزار عمر ان شفیق اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن نے عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کی ہے اور امریکا نے پاکستان کیساتھ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے معاہدہ کرنے سے صاف انکار کیا ہے۔ جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیے کہ امریکا ہمیں ہماری اوقات دکھا رہا ہے۔سابق امریکی صدر نے اپنے بیٹے کی سزا تو معاف کر دی لیکن ہمارے قیدیوں کو رہا نہیں کیا۔
عدالت میں وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی جبکہ امریکا میں پاکستانی سفیر کی ڈاکٹر عافیہ سے متعلق ملاقاتوں میں شرکت نہ کرنے کا بھی جواب جمع کرایا گیا۔
وزارت خارجہ نے عدالتی سوالات کے جوابات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔