پنجاب حکومت نے عوام کے لیے نگہبان رمضان پیکیج دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں اس پیکیج کے حوالے سے مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے پیکیج میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔ نگہبان رمضان پیکیج کا مقصد صوبے کے لاکھوں نادار خاندانوں کو رمضان کے دوران مالی امداد فراہم کرنا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج نادار افراد کا حق ہے اور حکومت کا فرض۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو عزت و احترام کے ساتھ ان کا حق ملنا چاہیے اور انہیں لمبی قطاروں میں لگنا پسند نہیں کیا جائے گا۔
اس پیکیج کے لیے شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے گی، جسے 15 فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ کی رضا کے لیے عوام کی خدمت کی جائے اور متعلقہ حکام اپنے فرائض عبادت سمجھ کر ادا کریں۔
اس پیکیج کے لیے رجسٹریشن پی ایس ای آر کے ذریعے ضروری ہے اور شہری گھر بیٹھے آن لائن پورٹل پر بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یونین کونسل اور بلدیہ دفاتر میں بھی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔
مزید برآں ایک ہیلپ لائن 080002345 بھی قائم کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔یہ پیکیج رمضان میں کم آمدنی والے افراد کی مالی مدد کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو گااور پنجاب حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ اس میں شامل تمام افراد کو سہولت اور شفافیت کے ساتھ امداد فراہم کی جائے۔