چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور مخالفین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔
انہوں نے لاہور کے علاقے گلشن راوی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں معاشی ترقی کے آثار سامنے آ رہے ہیں۔
رانا مشہودکے مطابق ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور سٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور وزیر اعظم ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنا ہےاور آئندہ بجٹ میں عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ حکومت نہ صرف معاشی استحکام کی کوششوں میں مصروف ہے بلکہ عوام کو بنیادی سہولتیں بھی فراہم کر رہی ہے، جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آتی ہے، ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرتی ہے، جو پارٹی قیادت کی عوام دوستی اور ملکی تعمیر و ترقی کا ثبوت ہے۔
سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ایک ٹولے نے پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملے کیے، قومی اداروں کو مفلوج کرنے کی کوشش کی اور ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور تمام سازشوں کو ناکام بنایا۔
رانا مشہود نے حکومت کی سرمایہ کاری اور تجارت کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے اور ترکی کے صدر کا پاکستان کا دورہ جلد متوقع ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اب قرضوں کی بجائے سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہے، جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق حکومت ملک کی ترقی کو روکنے والی تمام قوتوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔