وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی رائٹ سائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارتوں اور ڈویژنز کے رائٹ سائزنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
رائٹ سائزنگ کمیٹی اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ 29 وزارتوں اور ایک آئینی ادارے نے 11 ہزار 877 پوسٹیں ختم کی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق ان وزارتوں میں 4 ہزار 660 ڈائنگ پوسٹوں کی بھی تصدیق کی گئی ہے، جنہیں ختم کیا گیا۔ اس عمل کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور وسائل کی بچت کرنا ہے۔
وزیر خزانہ نے کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کو سراہا اور اس عمل کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں وزارت ریلوے کے رائٹ سائزنگ کے منصوبے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزارت ریلوے نے بتایا کہ اس وقت وزارت میں 95 ہزار 859 منظور شدہ آسامیاں ہیں، جن میں سے 17 ہزار آسامیاں پہلے ہی ختم کی جا چکی ہیں۔ مزید 5 ہزار 695 آسامیاں ختم کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ رائٹ سائزنگ کے تحت مزید 15 ہزار آسامیاں ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
کمیٹی نے وزارت ریلوے کی رائٹ سائزنگ کے اقدامات کو سراہا اور اس عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے وزارت ریلوے کی رائٹ سائزنگ ذیلی کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔