حکومتِ پاکستان نے نادرا قومی شناختی کارڈ کے قوانین مجریہ 2002 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
نادرا کی جانب سے خصوصی افراد اور اعضا عطیہ کرنے والے افراد کے لیے منفرد شناختی کارڈز کا اجرا کیا جائے گا۔
ترجمان نادرا کے مطابق ترامیم کے تحت خصوصی افراد اور اعضا عطیہ کرنے والے افراد کے لیے منفرد شناختی کارڈز کا اجرا کیا جائے گا، جس کا مقصد ان کی سہولتوں میں اضافہ اور شناخت کو مزید موثر بنانا ہے۔
ترجمان نادرا نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے تاحیات میعاد کے ساتھ ایک منفرد شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا۔ یہ کارڈ پاکستان میں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وہیل چیئر کے لوگو کے ساتھ فراہم کیا جائے گا۔
خصوصی بچوں کے ب فارم یا جووینائل کارڈ پر بھی وہیل چیئر کا نشان شامل ہوگا، خصوصی افراد کے لیے متعلقہ وفاقی یا صوبائی اداروں میں اندراج کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اعضا عطیہ کرنے والے افراد کو بھی تاحیات میعاد کے ساتھ ایک خصوصی کارڈ فراہم کیا جائے گا، جس پر وہیل چیئر اور ڈونر دونوں کے نشانات ہوں گے۔
اعضا کے عطیہ کے لیے متعلقہ ڈونر رجسٹریشن اتھارٹیز میں اندراج ضروری ہوگا۔ ترجمان کے مطابق قواعد میں ترامیم کا نوٹیفکیشن آئندہ گزٹ آف پاکستان میں شائع ہونے کے بعد نافذ العمل ہو گا، جس کے بعد یہ تبدیلیاں باقاعدہ طور پر لاگو کی جائیں گی۔