پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم فروری سے آئندہ 15 روز کیلئے مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
حکومت مہنگائی میں کمی ہونے کا دعویٰ تو کر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، اسی تناسب سے مختلف اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
حالیہ عرصے میں عوام پر مسلسل پیٹرول بم گرایا جا رہا ہے اور اب میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چھ روپے تک اضافہ متوقع ہے۔ اس اضافے کے تحت ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں تین روپے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اگر قیمتوں میں اِسی تناسب سے اضافہ ہوتا ہے تو پیٹرول کی قیمت 256 روپے 13 پیسے سے بڑھ کر 259 روپے 13 پیسے تک پہنچ جائے گی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 260 روپے 95 پیسے سے بڑھ کر 266 روپے 95 پیسے تک ہونے کا امکان ہے۔