وفاقی حکومت نے اپریل 2025 سے بجلی کے نرخوں میں بڑی کمی لانے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت نے بجلی کے نرخوں میں کمی لانے کیلئےجامع پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاور ڈویژن اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ پلان وسط فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس پلان کا مقصد یکم اپریل 2025 سے بجلی کے نرخوں میں واضح کمی کرنا ہے تاکہ عوام کو اضافی مالی بوجھ سے نجات مل سکے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے بجلی کے ٹیرف میں کمی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے، جس پر عملدرآمد کے لیے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اس کمیٹی نے بجلی کے ٹیرف میں کمی کے پلان کا بغور جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پلان میں انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدوں سے فی یونٹ 2 روپے تک ریلیف فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مزید برآںسرکاری پاور پلانٹس کے لئے ریٹرن آن ایکویٹی میں کمی کے ذریعے بچت کا پلان بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔
پلان میں وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں میں کمی کا بھی منصوبہ شامل ہے، جس سے فی یونٹ 3 روپے تک کمی ممکن ہو سکتی ہے۔حکومت کا منصوبہ ہے کہ آئندہ ماہ آئی ایم ایف کے وفد سے حتمی مشاورت کی جائے، جو پاکستان کے موجودہ قرض پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے ملک کا دورہ کرے گا۔ اس کے علاوہ پلان پر عملدرآمد کے لئے صوبائی حکومتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔