امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 31 جنوری کو ملک بھر میں شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے روکنے کی کوشش کی تو پرامن مزاحمت کریں گے، بہت وقت دے دیا اب حکومت کو عوام کے لیے بجلی سستی کرنا پڑے گی۔
ملتان میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پیکا قانون کو مسترد کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے پر حملہ اور عوام کی آواز دبانے کا حکومتی ہتھکنڈا قرار دیا اور صحافیوں کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اس قانون کے خلاف ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اس ریاست کے مالک ہیں، ان پر پہلے ہی جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت مسلط کردی گئی ہے اور فیصلے بھی قوم کی مرضی کے خلاف ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست کرتا ہوں تحریک کا حصہ بنیں اور 31جنوری کے مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔
امیر جماعت نے کہا کہ احتجاجی تحریک ری لانچ کررہے ہیں، حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ داروں کو ٹیکس میں چھوٹ دی جائے اور بجلی کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کی جائے۔