چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے دوران کرکٹ فینز کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث سرورز بیٹھ گئے، جس کی وجہ سے ٹکٹوں کی خریداری میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
شائقین کرکٹ ٹکٹوں کی خریداری کے لیے ویب سائٹ پر جا رہے ہیں لیکن زیادہ ٹریفک کی وجہ سے ویب سائٹ کے سرورز نے کام کرنا بند کر دیا۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ویب سائٹ نے سرورز کی تعداد بڑھانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج سے شروع ہوئی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں ہوگا جبکہ بھارت کے میچز یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کے مختلف میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں مختلف رکھی گئی ہیں۔ پاکستان ٹیم کے میچز کے لیے جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار روپے جبکہ وی وی آئی پی اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان کے علاوہ ہونے والے میچز کے ٹکٹ کی قیمت کم سے کم 1 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ 7 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ لاہور میں ہونے والے ایک سیمی فائنل کے جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 2,500 روپے اور وی وی آئی پی اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 20 ہزار روپے ہوگی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔شائقین پی سی بی، آئی سی سی اور نجی کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ پر جا کر آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیںتاہم ویب سائٹ پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے فی الحال ٹکٹوں کی خریداری میں دشواری ہو رہی ہے۔