پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیرتعلیم پنجاب اور سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے لندن میں گوگل کے عہدیداروں سے ملاقات کی، جس کے نتیجے میں پنجاب کے اسکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹولز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے تحت 50 ہزاراساتذہ کو گوگل ایجوکیشن ٹریننگ دی جائے گی، جبکہ 2 لاکھ طلبا کو کوڈنگ اور گوگل اے آئی کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ پنجاب کے اسکولز میں اسمارٹ لیبز بھی قائم کی جائیں گی اور گوگل کلاوڈ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ گوگل کے تعاون سے پنجاب میں 25 ہزار کورسز لانچ کیے جائیں گے اور یہاں گوگل کا ایک بڑا مرکز بھی قائم ہوگا۔