اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں احمد اسحاق جہانگیر کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف آئی اے کے ڈی جی کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت دی تھی، جس کی وجہ یونان کشتی حادثے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش نہ کرنا اور دیگر اہم انکوائریز کو بروقت مکمل نہ کرنا تھی۔ وزیراعظم نے احمد اسحاق جہانگیر کی کارکردگی سے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
احمد اسحاق جہانگیر نے گزشتہ سال جنوری میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ نئے ڈی جی ایف آئی اے کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے شارٹ لسٹنگ کا عمل شروع کر دیا ہے، جس میں سلمان چودھری، ڈاکٹر عثمان انور اور راجہ رفعت مختار کے نام زیر غور ہیں۔ وزارت داخلہ نئی تعیناتی کے لیے سمری کابینہ کو ارسال کرے گی۔