جنوبی کوریا، جاپان اورملائیشیا میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمارکے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں جنوبی کوریا میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 58 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک بھیجا۔
یہ زرمبادلہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19 فیصد زیادہ ہے، دسمبرمیں جنوبی کوریا سے ترسیلات زر کا حجم 9.3 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جو نومبرمیں 9 ملین ڈالر اوردسمبر 2023 میں 8.4 ملین ڈالرتھا۔
جاپان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 31.7 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں بھیجا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.4 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں ملائیشیا میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے تر سیلات زر کی مد میں 95.4 ملین ڈالر وطن بھیجے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 62.8 فیصدزیادہ ہیں۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی تر سیلات زر کا حجم 17.845 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.435 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 32.8 فیصد زیادہ ہے۔